تمام شعبوں میں قائدین کی حیثیت سے خواتین کے روشن اور مساوی مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہماری ذمہ داری ہے

100
University of Sargodha
University of Sargodha

سرگودہا۔9مارچ (اے پی پی):آج کے دن ہمارے جمع ہونے کا مقصد خواتین کو با اختیار بنانے اور صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے لئے آواز بلند کرنا ہے تمام شعبوں میں قائدین کی حیثیت سے خواتین کے روشن اور مساوی مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ سائیکالوجی، کونسلنگ سنٹر اور وومن فرینڈلی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ خواتین معاشی اور سماجی ترقی کا محور ہوں تو پورا معاشرہ ترقی کرے گا اگر ہمیں اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو خواتین کی تعلیم پر توجہ کے ساتھ ساتھ انہیں ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ دکھانے کی آزادی دینی ہو گی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین جن شعبوں میں جانا چاہتی ہیں ان کی بھرپورحوصلہ افزائی کی جائے۔

ڈاکٹر ساجدہ شاہنواز نے کہا کہ 8 مارچ کا دن صرف خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے نہیں منایا جاتا بلکہ یہ خواتین کی کامیابیوں کے اعتراف کا بھی دن ہے کیوں کہ آج وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ خواتین مردوں سے کسی بھی اعتبار سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور مردوں کے حقوق قومی اور بین الاقوامی قانون میں برابر ہیں لیکن بدقسمتی سے ان پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔

ڈاکٹر ساجدہ شاہنواز نے مزید کہا کہ یہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ لڑکیوں کو مناسب تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بنائے تاکہ وہ باوقار زندگی گزار سکیں۔ اس موقع پر صدر وومن فرینڈلی ایسوسی ایشن ڈاکٹر ساجدہ شاہنواز، چیئر پرسن شعبہ نفسیات پروفیسر ڈاکٹر نجمہ اقبال ملک، دیگر فیکلٹی ممبران اور سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔