حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات کو یقینی بنارہی ہے،عبدالقادر پٹیل

163
پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات جاری ہیں، عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات کو یقینی بنارہی ہے، پولی کلینک ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں 128 سلائس سی ٹی سکین نصب کر دی گئی ہے۔ بدھ کووزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پولی کلینک ہسپتال میں انقلابی اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔

پولی کلینک ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں 128 سلائس سی ٹی سکین نصب کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سٹیٹ آف آرٹ تھری ڈی میمو گرافی مشین بھی انسٹال کر دی ہے، اس سے کینسر کے تشخیصی نظام میں بہت بہتری آئے گی ، چھاتی کے کینسر کی اسکریننگ کی کمی پوری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جاپان کی مدد سے 1.5 ٹیسلا ایم آر آئی سکینر کی تنصیب کو جلد ممکن بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولی کلینک ہسپتال کی توسیع کا کام جی الیون تھری میں شروع ہو گیا ہے۔ توسیعی کا کام تین سال کے اندر مکمل ہو جائے گا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزیز بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔معیاری اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں۔وفاقی ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار رہے ہیں ۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پمز اور پولی کلینک ہسپتال میں مریضوں کا بہت رش ہے۔ پولی کلینک ہسپتال سالانہ 40 لاکھ سے زیادہ مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے۔ صحت کے شعبے میں اصلاحات کو یقینی بنارہے ہیں۔صحت کے شعبے میں بہتری کے بغیر معاشرہ کی ترقی ممکن نہیں اور بہترین اور معیاری علاج عوام کا حق ہے۔