باصلاحیت پاکستانی نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں اپنے تئیں روزگار کما رہے ہیں جبکہ متعلقہ اتھارٹی غیر فعال ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کو فعال کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہبازشریف نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کارکردگی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کو فعال کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے جو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے اتھارٹی کی کارکردگی پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ملک میں موجود وسائل کا مزید ضیاع کسی صورت قبول نہیں۔باصلاحیت پاکستانی نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں اپنے تئیں روزگار کما رہے ہیں جبکہ متعلقہ اتھارٹی غیر فعال ہے۔وزیرِ اعظم نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی فعال کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی جس کے سربراہ وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار ہوں گے جبکہ وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیرِ قانون، وزیرِ سرمایہ کاری، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، سینیٹر عفنان اللہ اور چیئرمین سی ڈی اے کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کو فعال کرنے کیلئے اپنی سفارشات پیش کرے۔ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کو بھی فوری طور پر فعال کیا جائے۔ بورڈ آف گورنرز میں متعلقہ شعبے کے ماہرین کی موجودگی یقینی بنائیں۔ وزیرِ اعظم نے اتھارٹی میں پلاٹوں میں سرمایہ کاری کی بجائے اس کے اصل مقصد یعنی ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی اصلاحات اور اسے فعال کرنے کے اقدامات میں مزید کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن )نے اپنے دورِ حکومت میں نوجوانوں کو آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے ہنر دینے کی بنیاد رکھی۔کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے دوران نوجوانوں کو دیئے گئے لیپ ٹاپس سے لاکھوں افراد نے روزگار کمایا۔اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، چوہدری سالک حسین، سید امین الحق، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اتھارٹی میں اس وقت 400 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جس میں سے 63 فیصد پاکستانی جبکہ باقی چین، امریکا ، ترکیہ اور دیگر ممالک سے تعلق رکھتی ہیں۔ اجلاس کو اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز اور مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے اتھارٹی کو فعال اور مؤثر طریقے سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اقدامات کے ترجیحی بنیادوں پر نفاذ کی بھی ہدایت کی۔