راولپنڈی۔ 17 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سےبچوں کی حفاظتی ٹیکہ جات کی قومی مہم "بِگ کیچ اپ” کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔
مہم کاافتتاح رکنِ اسمبلی ملک ابرار، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈی ایچ اے راولپنڈی ڈاکٹر آصف ارباب خان نیازی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پرائمری اینڈ سیکنڈری) ڈاکٹر احسان غنی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (کینٹ) ڈاکٹر جواد نے کیا۔یہ مہم خصوصی طور پر 5 سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے شروع کی گئی ہے،ان میں وہ بچے شامل ہیں جن کے ٹیکے مقررہ وقت پر نہیں لگ سکے یا جو مکمل ویکسی نیشن سے محروم رہے ۔
مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین لگائیں گی تاکہ کوئی بچہ حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم نہ رہ جائے۔اس کے ساتھ ساتھ 9 سالہ بچیوں کی رجسٹریشن بھی کی جائے گی تاکہ وہ اکتوبر 2025 میں شروع ہونے والی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم میں شامل ہو سکیں۔