ملتان۔ 27 مارچ (اے پی پی):سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں 38 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، موسمی تغیرات سے نبردآزما ہونے کے لیے وسیع پیمانے پر شجرکاری ناگزیر ہے، ایک درخت کی زندگی کروڑوں انسانوں کی زندگی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجو کیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
سیکرٹری اسکول ایجو کیشن نے شجرکاری کے عمل میں اساتذہ اور طلباء وطالبات کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسمی تبدیلی اور ماحولیاتی آلود گی کے حوالے سے طلبہ میں آگہی پیدا کرنے اور سرسبز و شاداب ماحول کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے میاواکی جنگل اگانے اور سرکاری سکو لوں میں گرین بک کی تدریس کا عمل شروع کیا گیا ہے، یہ تمام انیشی ایٹیوز کامیابی سے جاری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ درخت انسانی زندگی کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ان کی بقا کےلئے عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ درختوں میں اضافہ بھی ضروری ہے۔