فلسطین کی موجودہ صورتحال نازک ہے،ہماری اولین ترجیح جنگ کے لامحدود پھیلائو کو روکنا ہے، چینی وزیر خارجہ

عالمی برادری غزہ میں انسانی المیے کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے، چینی وزیر خارجہ

بیجنگ ۔14اکتوبر (اے پی پی):چین ویورپی یونین کے اعلیٰ سطحی سٹریٹجک ڈائیلاگ کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ ای اور یورپی یونین کے امورِ خارجہ و سلامتی پالیسی کے نمائندہِ اعلی جوزیف بوریل نے مشترکہ طور پر صحافیوں سے ملاقات کی ہے۔

چینی میڈ یا کے مطابق فلسطین اور اسرائیل کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال نازک ہے۔ ہماری اولین ترجیح جنگ کے لامحدود پھیلائو کو روکنا اور حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے جلد از جلد جنگ بندی، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنا اور شہریوں کے تحفظ کی مکمل ضمانت دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ممالک کو صبرو تحمل سے کام لیتے ہوئے واقعیت پسندی اور شفافیت کو برقرار رکھنا چاہیے تاکہ تنازعات میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔