فیفا ورلڈ کپ ، مراکش سابق عالمی چیمپئن سپین کو پنالٹی شوٹ آئوٹ پر شکست دے کر پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

دوحہ۔6دسمبر (اے پی پی):مراکش نے سابق عالمی چیمپئن سپین کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آئوٹ پر 3-0گولز سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، مراکش نے پہلی مرتبہ کوارٹرفائنل تک رسائی حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی،مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم مراکش نے پینلٹیز پر سپین 3-0گولز سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی۔

منگل کو دوحہ کے ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے سپر 16 مرحلے کے میچ میں سپین اور مراکش کے مابین سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو آیا۔ سپین نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ حکمت عملی اپنائی تاہم مراکش کے دفاعی کھلاڑیوں نے سپین کو گول کرنے کا موقع فراہم نہ کیا۔ پہلے ہاف کا کھیل بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کرنے کے باوجود مقررہ وقت تک گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا تاہم دونوں ٹیمیں سر توڑ کوشش کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پینلٹیز دی گئیں۔ سپین کی ٹیم پہلی تینوں پینلٹیز میں گول کرنے میں ناکام رہی جبکہ مراکش نے چار پینلٹیز میں تین گولز کر کے فتح اپنے نام کی،اسپینش نژاد مراکو کھلاڑی اشرف حکیمی نے وننگ پنالٹی لگا کر ٹیم کو کوارٹر فائنل تک پہنچا دیا۔ اس طرح مراکش کی ٹیم گول کیپر کی شاندار پرفارمنس کے بعد کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔