لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں او سی اے فن رن کا انعقاد، کھلاڑیوں، طلبہ، کھیلوں کے عہدیداروں اور خاندانوں کی بڑی تعداد کی شرکت

لاہور میں 20ویں ایشیائی کھیلوں ایشیائی گیمز آچی ناگویا کے حوالے سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) اور آچی ناگویا آرگنائزنگ کمیٹی کے اشتراک سے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (ایل سی ڈبلیو یو) میں او سی اے فن رن کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔اس تقریب میں کھلاڑیوں، طلبہ، کھیلوں کے عہدیداروں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ …

لاہور۔2جون (اے پی پی):لاہور میں 20ویں ایشیائی کھیلوں ایشیائی گیمز آچی ناگویا کے حوالے سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) اور آچی ناگویا آرگنائزنگ کمیٹی کے اشتراک سے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی (ایل سی ڈبلیو یو) میں او سی اے فن رن کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔اس تقریب میں کھلاڑیوں، طلبہ، کھیلوں کے عہدیداروں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے دوستی، اتحاد اور کھیلوں سے محبت کے ان بنیادی اصولوں کو اجاگر کیا جو ایشیائی کھیلوں کی روح سمجھے جاتے ہیں۔فن رن ایشیائی کھیلوں کے فروغ کے لیے ایشیا بھر میں منعقد کی جانے والی سرگرمیوں کا حصہ تھی۔ جاپان میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہونے والے ایشیائی کھیل براعظم ایشیا کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ تصور کیے جاتے ہیں، جہاں ہزاروں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔شرکا نے لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں، سپورٹس کلبز اور کمیونٹی مراکز سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور پیدل چلتے، دوڑتے یا منظم ٹرانسپورٹ کے ذریعے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پہنچے۔ گنگا رام بلڈنگ میں ثقافتی سرگرمیوں کے بعد تمام شرکا اقرا آڈیٹوریم میں منعقدہ مرکزی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا اور آچی ناگویا گیمز کے حوالے سے خصوصی پریزنٹیشن دی گئی۔تقریب میں اولمپک کونسل آف ایشیا اور آچی-ناگویا آرگنائزنگ کمیٹی کے نمائندوں سمیت انتھونی ال تاہچ، زاہد حفیظ، ہیروشی ساکائی اور ازوسا ڈوڈو نے شرکت کی۔

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مختلف ثقافتوں اور قوموں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔شرکا نے جاپان کے پاکستان میں سفیر اور او سی اے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین المسلم کی خصوصی ویڈیو پیغامات بھی دیکھے، جن میں ایشیائی کھیلوں کو دوستی، تعاون اور اتحاد کے فروغ کا موثر ذریعہ قرار دیا گیا۔ہیروشی ساکائی نے آچی ناگویا کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جاپان ایشیا بھر سے آنے والے کھلاڑیوں کے استقبال کے لیے پرجوش ہے۔ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔او سی اے کے نمائندے انتھونی ال تاہچ نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے اولمپک اور ایشیائی کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور لاہور میں کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے او سی اے، آچی-ناگویا آرگنائزنگ کمیٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اور تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلوں میں عمدگی، دوستی اور احترام کی اقدار کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور انہیں یقین ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ایشیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں ملک کا نام روشن کریں گے۔تقریب کے دوران ایشیائی کھیلوں کے موضوع پر انٹرایکٹو کوئز اور پینٹنگ مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔

کامیاب شرکا میں اسناد، تمغے، یادگاری تحائف اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔او سی اے فن رن صرف آچی-ناگویا کی الٹی گنتی کا حصہ نہیں تھی بلکہ یہ ایشیائی کھیلوں کے اس جذبے کا جشن بھی تھی جو مختلف قوموں، ثقافتوں اور لوگوں کو کھیلوں کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔ جاپان میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں کی جانب سفر جاری ہے ۔

مزید خبریں