متحدہ عرب امارات کے افغانستان کے دیہی علاقوں میں قائم 10 میٹرنٹی کلینک طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، رپورٹ

7

جلال آباد۔27جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی طرف سے افغانستان میں قائم کئے گئے 10 میٹرنٹی کلینک دیہی علاقوں میں زچہ و بچہ کو طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ یواے ای کی نیوز ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق یہ کلینک افغانستان کے صوبوں ننگر ہار ، بلخ، ہرات، پکتیا، پکتیکا، ہلمند اور قندھار میں قائم کئے گئے ہیں۔ ان مراکز میں صحت کی تعلیم، آگاہی کے پروگرام اور زندگی بچانے والے ویکسی نیشن کی سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں،

اس سے افغانستان میں بچوں کی اموات کی بلند شرح(جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے) کو کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ یونیسیف کے مطابق افغانستان میں ایک ہزار میں سے 57 سے زیادہ بچے پانچ سال کی عمر تک پہنچنے سے پہلے ہی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی مالی اعانت سے چلنے والے یہ کلینک مقامی افغان کمیونٹیز کے لئے انتہائی ضروری طبی دیکھ بھال کی سہولت فراہم کرتے ہیں جو طویل عرصے سے صحت کی بنیادی خدمات تک رسائی سے محروم ہیں۔ یہ سہولیات زچگی اور اطفال کی دیکھ بھال، مشاورت، مانع حمل خدمات، ہنگامی دیکھ بھال، ادویات اور ہائی رسک کیسز کے لئے ریفرل پر مشتمل ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ ان سہولیات کی فراہمی پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔