نیب کا پاکستان سٹیل ملز کی بربادی کا تعین کرنے کے لئے مکمل اور جامع انکوائری کرنے کا فیصلہ

98

اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان سٹیل ملز کی بربادی اور قوم کے اربوں روپے کے ضیاع کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے مکمل اور جامع انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان ذمہ داروں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے۔ نیب کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کی بربادی قوم کے اربوں روپے کا ضیاع اور حکومت کی عدم توجہی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ذمہ داران کا تعین کرنے کے لئے مکمل اور جامع انکوائری کا فیصلہ اس ضمن کے پیش نظر کیا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی بربادی کسی سازش کا نتیجہ تو نہیں اور کون سے مفاد پرست عناصر اس کی تباہی میں ملوث تھے اور ہیں۔ واضح رہے کہ اس بارے میں قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے بھی نوٹس لے رکھا ہے اور نیب کو کارروائی کی سفارش کی ہے۔ مزید برآں قومی احتساب بیورو نے فیصلہ کیا ہے کہ ماضی اور حال کے تمام ذمہ داران کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے تاکہ کسی کو ملک سے فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے۔