وزیر مملکت حنا ربانی کھر سے کینیڈا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر کی وفد کے ہمراہ ملاقات

303

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر سے کینیڈا کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر ہرجیت سجن کی قیادت میں ایک وفد نے یہاں ملاقات کی۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق کینیڈین وزیر نے سیلاب متاثرین کے لیے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور جلد از جلد بحالی اور تعمیر نو کی امید ظاہر کی۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے نازک وقت میں کینیڈین وزیر کے دورہ پاکستان کو سراہتے ہوئے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی پر وفد کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے تباہ کن سیلاب سے ہونے والی تباہی کا ذکر کیا جس نے 33 ملین سے زائد افراد کو متاثر کیا، بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا اور 4 ملین ایکڑ فصلیں بہہ گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اس آفت کے پاکستان میں غذائی تحفظ، صحت اور معیشت پر طویل مدتی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ وزیر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان، عالمی گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی بحران کا شکار ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے متحد اور فیصلہ کن کارروائی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اگرچہ حکومت بچائو اور امدادی کوششوں میں مصروف ہے، تعمیر نو اور بحالی کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے وسائل کی موثر متحرک اور طویل مدتی عزم کی ضرورت ہوگی۔

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان میں کینیڈا کے ترقیاتی منصوبوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ کینیڈین وزیر نے کہا کہ کینیڈا سیلاب کے بعد ہونے والے نقصانات سے نمٹنے اور موسمیاتی لچکدار ڈھانچے کی تعمیر کے لیے کوششوں میں پاکستان کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کی سطح کا جائزہ لینے کے لیے کینیڈا کے ایک وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ وفد میں کینیڈین پارلیمنٹ کے تین پاکستانی نژاد اراکین اقرا خالد، سلمیٰ زاہد اور شفقت علی بھی شامل تھیں۔