اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس و جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیرمولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پارلیمان اور آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر خوشحال اور مضبوط پاکستان کا خواب تعبیر نہیں ہوسکتا ، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو بے نقاب کرنا ہوگا ، عمران نیازی نے ملکی اداروں کو بدنام کیا ہے ، سائفر کی برآمدگی کیلئے بنی گالا میں بھی چھاپہ پڑنا چاہیے، معاشی طور پرعمران نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سائفر والے معاملے پر جو کچھ کیا گیا، اس کی کوئی معافی نہیں ہے اس کے محرکات کو سامنے لایا جا ئے ، سائفر غائب ہے، سابق پرنسپل سیکرٹری کا کہناہے اس نے وہ عمران خان کو دے دیا تھا، جو منٹس بنائے گئے وہ موجود ہیں لیکن سائفر موجود نہیں، اب ثابت ہوگیاکہ سازش اس وقت کی اپوزیشن نے نہیں بلکہ انہوں نے کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اسے منطقی انجام تک لیکرجائیں گے، سائفر والے معاملے پر جو کچھ کیا گیا، اس کی کوئی معافی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ثاقب نثار اور تحریک انصاف کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کردیا۔ یہ بھی ثابت ہوا کہ ثاقب نثار اینڈ کمپنی نے مخصوص سیاسی جماعت کو فائدے دینے کے لئے فیصلے کئے۔ بہت جلد یہ بات بھی سامنے آجائے گی کہ یہ فیصلے کس کے دبائو میں آکر کئے گئے تھے۔ثاقب نثار نے ہی ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کو تنخواہ نہ لینے کے جرم میں نااہل کیاتھا۔ آف شور کمپنیاں عمران خان کی بھی نکل آئیں لیکن اس کو صادق اور امین قرار دیا گیا۔
عدالتی فیصلہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ عمران خان کو صادق اور امین قرار دینے والا خود جھوٹا ہے۔ جب تک تمام ادارے اپنے دائرہ اختیار میں نہیں رہیں گے جمہوریت کو خطرات لاحق ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمان اور آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر خوشحال اور مضبوط پاکستان کا خواب تعبیر نہیں ہوسکتا۔