صدر مملکت نے ہالینڈ، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، زمبابوے اور سینیگال کے نامزد سفیروں کی اسناد ِسفارت وصول کیں

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران ہالینڈ، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، فن لینڈ، زمبابوے اور سینیگال کے نامزد سفیروں کی اسناد ِسفارت وصول کیں۔

پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کو ہالینڈ کی سفیر ہینی فوکل ڈی وریس، ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف، سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج سٹینر، فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاٹی، زمبابوے کے نان ریذیڈینٹ ہائی کمشنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مارٹن چیڈونڈو، اور سینیگال کے نان ریذیڈینٹ سفیر سالیو نیانگ ڈائینگ نے اپنی اسناد تقرری پیش کیں۔

اس موقع پر انہوں نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ صدر نے پاکستان میں ہالینڈ کی نامزد سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہالینڈکے ساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری کا خواہاں ہے، ہالینڈ یورپی یونین میں پاکستانی مصنوعات کی دوسری بڑی برآمدی منزل ہے ، امید ہے کہ ہالینڈ پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ڈنمارک کے نامزد سفیر نے بھی ملاقات کی۔

صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنی سستی اور اعلیٰ معیار کی خدمات اور مصنوعات ڈنمارک کو پیش کرسکتی ہیں، صدر مملکت نے اقتصادی تعلقات اور عوامی روابط مزید بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک کے مابین سفر میں آسانی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر مملکت سے سوئٹزرلینڈ کے سفیر نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ معیشت ، تجارت ، سماجی و اقتصادی ترقی اور انسانی امداد کے شعبوں میں شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

صدر نے کہا کہ سوئس کمپنیاں پاکستان کے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں، پاکستان میں دنیا بھر سے سیاحوں کو راغب کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے، پاکستان سوئٹزرلینڈ کی سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت سے سیکھ سکتا ہے۔ صدر مملکت سے پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر نے بھی ملاقات کی۔

صدر مملکت نے پاکستان اور فن لینڈ کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر ہے۔ صدر مملکت سے پاکستان میں زمبابوے کے ہائی کمشنر سے بھی ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان زمبابوے کے ساتھ زرعی، دواسازی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے، صدر مملکت سے پاکستان میں سینیگال کے سفیر نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سینیگال کو مغربی افریقی خطے کا اہم ملک سمجھتا ہے ، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے غیر ملکی سفراءسے ملاقاتوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بین الاقوامی شراکت داری مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری پاکستان سمیت ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی مدد کرنے کا عزم کرے ، صدر مملکت نے سفراءکو گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کی وجہ سے آنے والے حالیہ تباہ کن بڑے سیلاب کے بارے میں آگاہ کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی ہے، پاکستان کو غیر معمولی سیلاب ، جنگلات میں آگ، گرمی کی لہر اور خشک سالی کی صورت میں موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، صدر مملکت نے حالیہ سیلاب کے دوران پاکستان کی مسلسل مدد پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ عالمی برادری سیلاب سے متاثرہ آبادی کی امداد ، بحالی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کیلئے اپنا تعاون مزید بڑھائے گی۔