راولپنڈی۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ناصر اعجاز تنگ نے کہا ہے کہ قومی باکسنگ ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا باکسنگ ٹیم کا کامن ویلتھ گیمز اور دوسرے بین الاقوامی ایونٹس کی تیاریوں کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ راولپنڈی میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے25 باکسر حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پانچ باکسرز کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جن میں چار مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ زوہیب رشید 48 کلوگرام، الیاس 57 کلوگرام، سلمان بلوچ 63.5 کلو گرام، نصیر اللہ 92 کلوگرام اور مہرین 57 کلوگرام کیٹگری میں حصہ لیں گی،
انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں ارشد حسین کوچ اور اصغر بلوچ مینجر ہوں گے، ایک سوال کے جواب میں ناصر اعجاز تنگ نے کہا کہ پاکستانی باکسرز کی انٹرنیشنل ایونٹس میں کارکردگی انتہائی شاندار رہی اور کئی میڈلز اپنے نام کئے، امید ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں بھی پاکستانی ٹیم کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹے گی، قومی ٹیم کے کوچ ارشد حسین نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں باکسرز سخت محنت کر رہے ہیں اور فیڈریشن انہیں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔