پاکستان بحران سے نکل کر استحکام اورنمو کی جانب گامزن ہے،یوسف گنڈاپور

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):میانہارڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر اور ایم جی آئی کیپیٹل کے سی ای او یوسف گنڈاپور نے کہاہے کہ ملک میں برسوں کی عدم استحکام کے بعد پاکستان اب معاشی رفتار کے ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں بہتر ہوتے معاشی اشاریے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ پائیدار ترقی کی بنیاد رکھ رہا ہے۔ جمعرات کویہاں جاری پریس ریلیز میں انہوں …

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):میانہارڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر اور ایم جی آئی کیپیٹل کے سی ای او یوسف گنڈاپور نے کہاہے کہ ملک میں برسوں کی عدم استحکام کے بعد پاکستان اب معاشی رفتار کے ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں بہتر ہوتے معاشی اشاریے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ پائیدار ترقی کی بنیاد رکھ رہا ہے۔ جمعرات کویہاں جاری پریس ریلیز میں انہوں نے کہا ہے کہ سال 2025 کے اختتام پر پاکستان معاشی سفرکے ثمرات دیکھ رہا ہے، مہنگائی کی شرح 5 سے 6 فیصد کی سطح پر آ چکی ہے اور مجموعی معاشی استحکام نے اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔

زرمبادلہ کی شرح میں استحکام اور مالیاتی نظم و ضبط کی بحالی جیسے بنیادی عوامل سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یوسف گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب قدم بڑھا رہا ہے اور حکومت کا "اُڑان پاکستان” فریم ورک کے تحت 2028 تک 6 فیصد شرح نمو کا ہدف پرعزم ضرور ہے مگر موجودہ اصلاحات کے تسلسل کے ساتھ یہ قابلِ حصول ہے۔

ڈھانچہ جاتی ترقی کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی کا محور اب صرف بڑے بڑے منصوبوں کی تعمیر نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانا ہے۔ عام پاکستانی کے لیے ترقی کا مطلب محفوظ سڑکیں، قابلِ اعتماد بنیادی سہولیات، بہتر رہائشی منصوبے اور ایسے عوامی مقامات ہیں جو معیارِ زندگی کو بہتر بنائیں۔ عالمی سطح پر مسابقت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی معاشی بنیادوں کو مضبوط کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کر رہا ہے،مالیاتی نظم و ضبط، پائیدار معاشی استحکام اور ہم آہنگ حکمتِ عملیوں نے ملک کی ساکھ بہتر بنائی ہے، جبکہ شہری ترقی، انفراسٹرکچر اور ماحول دوست اقدامات طویل المدت مسابقت میں اضافہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میانہارڈ کا کردار عالمی مہارت کو مقامی تنفیذ سے جوڑنا ہے تاکہ منصوبہ سازی، انجینئرنگ، بلڈنگ انفارمیشن ماڈلنگ اور پائیدار ڈیزائن کے عالمی معیار پاکستان میں نافذ ہو سکیں۔ اس طرح پاکستانی منصوبے نہ صرف مقامی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ عالمی معیار پر بھی پورا اترتے ہیں۔ پاکستان کے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں یوسف گنڈاپور نے کہا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، محنت کریں اور دیانت و ہمدردی کے ساتھ رہنمائی کریں۔