پی سی بی نے 28جون سے شروع ہونےوالے نیشنل انڈر 19 کپ کیلئے سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کی بطور کوچنگ خدمات حاصل کر لیں

62
پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کا چھٹا رائونڈ 7 فروری سے شروع ہو گا

لاہور۔27جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے 28جون سے شروع ہونے والے نیشنل انڈر 19کپ میں سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرز کو انڈر 19کھلاڑیوں کی کوچنگ کی خدمات سونپ دی ہیں جس سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عبدالرزاق سینٹرل پنجاب انڈر19بلیوز، ارشد خان بلوچستان انڈر19 بلیوز ، عمران فرحت سینٹرل پنجاب انڈر19وائٹس، غلام علی سندھ انڈر 19 وائٹس، شاہد انور سدرن پنجاب انڈر 19 وائٹس اور اعجاز احمد جونیئر ناردرن انڈر 19وائٹس کے ہیڈ کوچز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

اعزاز چیمہ، ظہور علی، سمیع اللہ نیازی، رفعت اللہ مہمند، شعیب خان اور ہمایوں فرحت بحیثیت اسسٹنٹ کوچز کے فرائض سرانجام دیں گے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ فرسٹ کلاس کرکٹرز اقبال امام سدرن پنجاب انڈر 19 بلیوز، محمد مسرور سندھ انڈ ر 19بلیوزاور حبیب بلوچ بلوچستان انڈر 19وائٹس کی کوچنگ کریں گے۔

فرسٹ کلاس کرکٹ سیزن شروع ہوتے ہی سینئر کوچز دوبارہ اپنی متعلقہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر ٹیموں کو جوائن کرلیں گے۔انہوں نے بتایا کہ8 جولائی تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی 12 ٹیموں کو دو مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پول اے میں شامل چھ بلیوزسکواڈزکے میچزاسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پول بی میں شامل وائٹ سکواڈز کے میچز لاہور، فیصل آباد اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس بھی نیشنل انڈر 19 کپ میں مجموعی طور پر 31میچز کھیلے جائیں گے، 50اوورز پر مشتمل اس فارمیٹ میں ہر ٹیم کو گروپ مرحلے میں پانچ میچز کھیلنے ہیں جبکہ ہر سکواڈ 15 کھلاڑیوں اور 5 ریزروپلیئرز پر مشتمل ہے۔سکواڈ میں صرف ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو یکم ستمبر 2003 کو یا اس کے بعد پیدا ہوئے ۔