صدر ڈاکٹر عارف علوی کی نجی انشورنس کمپنی کو اپنے صارف کو 21 لاکھ روپے آتشزدگی انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک نجی انشورنس کمپنی کو اپنے صارف کو 21 لاکھ روپے آتشزدگی انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت اور بدانتظامی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے وفاقی انشورنس محتسب کے فیصلے کے خلاف ایشیا انشورنس کمپنی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ کمپنی نے آگ لگنے کے وقت آتشزدگی انشورنس پالیسی کے نافذ العمل ہونے کو تسلیم کیا جبکہ کمپنی نے آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کا تعین کرنے کیلئے سروے رپورٹ کے نتائج کو بھی تسلیم کیا ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ سے تقریباً 21 لاکھ روپے کا نقصان ہوا مگر صارف کو جائز رقم ادا نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انشورنس کمپنی نے لاہور میں طحہٰ محد انٹرپرائزز کو آگ لگنے کے وقت انشورنس پالیسی کے نافذ نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ادائیگی سے انکار کیا جس پر شکایت کنندہ نے انصاف کے حصول کیلئے وفاقی انشورنس محتسب کے پاس اپیل دائر کی۔

محتسب نے شکایت کنندہ کے دعوے کو تسلیم کیا اور کمپنی کو 30 دن میں کلیم ادا کرنے کی ہدایت کی تاہم انشورنس کمپنی نے فیصلے کی تعمیل کرنے کے بجائے صدر مملکت کو درخواست دی جسے صدر مملکت نے مسترد کردیا ہے۔ صدر مملکت نے نجی انشورنس کمپنی کو اپنے صارف کو آتشزدگی انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔