اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کرپٹ جماعتوں کا ٹولہ ہے جس نے لوٹ کھسوٹ کر کے ملک کی جڑیں کھوکھلی کی ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے بیرون ممالک محلات اور جائیدادیں ان کی کرپشن کی عکاسی کرتی ہیں، ان لوگوں کے پاس عوام اور ملک کی بہتری کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے، یہ لوگ صرف این آر او چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے احساس پروگروام اور پناہ گاہوں سمیت متعدد فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا بنیادی طور پر مسئلہ یہ ہے کہ جو انتخابات یہ جیت جائیں وہ ٹھیک اور جو ہار جائیں وہ غلط ہیں، 2008ءمیں پیپلزپارٹی جیتی اور 2013ءمیں ن لیگ نے کامیابی حاصل کی اسلئے وہ انتخابات ٹھیک تھے اور 2018ءانتخابات میں پی ٹی آئی فتح یاب ہوئی اسلئے وہ غلط ہیں، یہ لوگ منی لانڈرنگ اور دھاندلی کے ماسٹر ہیں، موجودہ حکومت انتخابات میں شفافیت بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا آپشن لائی ہے، اپوزیشن اسلئے ٹیکنالوجی سے بھاگ رہی ہے کیونکہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ اگر ملک میں شفاف انتخابات ہوئے تو انہیں کبھی دوبارہ اقتدار کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔
شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک مردہ گھوڑا ہے جس میں جان ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مولانا فضل الرحمان سیاسی بے روزگار اور تنہائی کا شکار ہیں، پہلی مرتبہ وہ سیاسی میدان سے باہر کھڑے ہیں اسلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں جبکہ دوسری جانب ن لیگ مختلف دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے، عوام پی ڈی ایم کو مسترد کر چکے ہیں اسلئے انہیں احتجاج اور جلوسوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، اپوزیشن کو چاہیے کہ پارلیمنٹ میں آ کر ملکی مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھائے اور مثبت تجاویز دے، یہ لوگ قانون سازی کرنے کی بجائے صرف شور مچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ملک میں اندھیر نگری مچائی ہوئی تھی، شہباز شریف 25 ارب روپے ٹرانزیکشنز کا جواب نہیں دے رہے، ایف آئی اے نے سوال پوچھا تو کہتے ہیں کہ مجھے نہیں پتا کہ میرے اکاﺅنٹ میں پیسے کہاں سے آئے، یہ لوگ اب عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ملک میں زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کی بجائے امپورٹ کا کلچر متعارف کرایا جس کی وجہ سے ہمیں دالوں سمیت ہر چیز درآمد کرنا پڑ رہی ہے، اس وقت کوویڈ 19 کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی ہے اور پاکستان پر بھی اس کا اثر ہے، وزیراعظم عمران خان کو غریبوں کی مشکلات کا احساس ہے اسلئے وہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں، نواز شریف اور سارا شریف خاندان لندن میں شاہانہ زندگی گزار رہا ہے، اگر انہیں غریبوں کا احساس ہے تو انہیں چاہیے کہ ملک میں واپس آ کر غریبوں کا درد بانٹیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے اس ملک کو جتنا نقصان پہنچایا مودی بھی اتنا نقصان نہیں پہنچا سکتا، ان لوگوں نے مالی فوائد کے حصول کیلئے قومی اداروں اور ملک کی صنعتوں کا بیڑہ غرق کیا تاہم موجودہ حکومت اداروں کو مضبوط کرنے اور ملک میں صنعتی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔