اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیلئے یوسف رضا گیلانی اور صادق سنجرانی کے درمیان برابر کا مقابلہ ہے، یوسف رضا گیلانی کے سابق وزیر اعظم ہونے کی حیثیت سے ارکان کے ساتھ روابط ہیں، صادق سنجرانی بھی تین سال سے ایوان چلا رہے ہیں انہوں نے بھی حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو فیسلیٹیٹ کیا ہوا ہے، کل اچھا مقابلہ ہوگا۔
جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے پہلے یوسف رضا گیلانی نے کہا تھا کہ مجھے اس الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی رول نظر نہیں آرہا، لیکن پھر لوگوں نے دیکھا بھی کہ اسٹیبلشمنٹ کا رول تو واقعی ہی نظر نہیں آیا لیکن یوسف رضا گیلانی کا بیٹا ضرور نظر آیا جو لوگوں کو ووٹ ضائع کرنے کے طریقے بتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی ہائوس کے محافظ ہوتے ہیں ، ان کا انتخابات خفیہ ہی ہونا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر وزیراعظم کا اعتماد ہے، اب کپتان کا فیصلہ ہوتا ہے کہ
کھلاڑی کو کہاں تک کھلاتا ہے،انشاء اللہ عثمان بزدار کامیاب وزیر اعلیٰ ثابت ہوں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ مکمل طور پر پیشہ ور شخص ہیں جو قومی معیشت کو بہتر بنا رہے ہیں اور وزیر اعظم کو ان پر مکمل اعتماد ہے۔