کشمیریوں سے پاکستان کا لازوال رشتہ تاقیامت قائم رہے گا ، وزیراعظم پاکستان محمدشہبازشریف کے آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، چوہدری انوارلحق

102

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے پاکستان کا لازوال رشتہ تاقیامت قائم رہے گا ، وزیراعظم پاکستان محمدشہبازشریف کے آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تمام معزز مہمانان کو بھمبر تشریف لانے پر خوش آمدید کہتے ہیں،ایل او سی پر افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم سکون کی زندگی گزار رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بھمبر کے لئے دانش سکول سسٹم بڑا تحفہ ہے ،دانش سکول سسٹم مستحق لائق ذہین طلبا ء کے لئے نعمت ہے ۔

بدھ کو اپنے خطاب میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ تعمیر و ترقی،سستی بجلی سستا آٹافراہمی میں مدد پر وفاق کے مشکور ہیں،بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے ، پاکستانی و کشمیری یک جان دو قالب ہیں ،نریندر مودی سن لوتمہاری تمام سازشیں ناکام ہوں گی، وفاق اور آزادکشمیر کی تمام سیاسی قیادت،حریت کانفرنس ایک پلیٹ فارم پر متحد اور پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم بند نہ ہوئے تو آزادکشمیر کا ہر پیر و جوان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا ، خطہ آزادکشمیرکو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا،20 ماہ میں بچت کی ،وزرا ء کے لئے کوئی گاڑی ،موٹرسائیکل تک نہیں خریدا،3 روپے بجلی، سستاآٹا دیا ، 18ارب روپے کی ٹیکس کولیکشن کی،22 ارب کا بجٹ خرچ کیا لیکن 22 روپے کی کرپشن نہیں ہوئی،600 ارب کے مافیاز پر ہاتھ ڈالا،سگریٹ مافیاز پر کریک ڈائون کیا،کرپٹ مافیاز پر ہاتھ ڈالا تو عدم اعتماد کی چیخیں سنیں ،آزادکشمیر کی سلامتی و ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بے لوث خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے ، انہوں نے حقیقی فلاح کے لئے مثالی ترقیاتی منصوبہ جات دیئے جس کامنہ بولتا ثبوت بھمبر میں دانش سکول کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اربوں روپے کے منصوبے بھمبر میں دئیے جن پر حکومت پاکستان کے مشکور ہیں ،آزادکشمیر بھر میں وفاق کی شفقت کے باعث فنڈزکی فراہمی سے تمام زیرالتواء منصوبہ جات پر تیزی سے کام جاری ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، قوموں کی زندگی میں نشیب و فراز آتے ہیں، 5 اگست 2019 کی دھند کے اثرات ختم ہوچکے ہیں،بھارت کا جبر انجام کو پہنچے گا ، وزیراعظم پاکستان و مسلح افواج پاکستان کے سپہ سالار کی محنت سے آزادکشمیر میں بے چینی کی دھند ختم ہوچکی ہے ،تقسیم کشمیر کا کوئی فارمولاقبول نہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج بھارتی وزیر راج ناتھ چیخ رہاہے ،ہم نے بھارت کے پروپیگنڈا کو ناکام بنایا ،آئندہ 2 ماہ میں پوری بھارتی کابینہ وزیراعظم آزادکشمیر کانام لے کر چیخیں مارے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھنا ہو گا کہ محافظ فوج اور قابض فوج میں کیا فرق ہے ، اگر سلامتی محفوظ نہیں ہو گی تو فلسطین ،لیبیا ،عراق ،شام کی مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں ، سیاسی قیادت متحد ہے ، دشمن کی تمام سازشیں ناکام بنائیں گے ، دانش سکول سسٹم کا 100 فیصدکریڈٹ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کاتصور بھی یہی ہے کہ غریب و امیر کا فرق ختم ہو اور یہی دانش سکول سسٹم نے کیا ہے۔