کوئٹہ۔ 31 دسمبر (اے پی پی):نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے سال نو کی آمد پر اپنے ایک تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں سال 2023 کے اختتام پر نئے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور خامیوں کا جائزہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئے سال میں ملک اور صوبے کی تعمیر وترقی کے عزم ساتھ داخل ہونگے امن ترقی خوشحالی اور استحکام سال نو میں ہمارے اہداف ہونگے 2024۔ بلوچستان کے قدرتی وسائل کی ترقی کا سال ہوگا اور ہم آنے والے سال بلوچستان کو ترقی یافتہ اور پر امن بنانے کے لئے کوشاں رہیں گے۔
نگرا ں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ہماراسرمایہ اور مشعل راہ ہیں۔ میر علی مردان خان ڈومکی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا ء کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل حالات سے گزرنے کے باوجود متحد اور عزم عالیشان کی مثال ہے ۔ہمیں ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل کی اصلاح کے عزم کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا ۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارا عزم درپیش چیلنجوں سے زیادہ بلند ہے اور ہمیں امید ہے کہ سال نو بلوچستان کے عوام کیلئے نئی امیدوں ،حوصلوں اور کامیابیوں کا سال ثابت ہو گا ۔وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ 2024 ملک و قوم کے لیے امن، سلامتی، اور خوشحالی کا سال ثابت ہو اور آنے والے سال ہم اپنے ملک کو دہشت گردی کی عفریت سے پاک کریں اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو بار آور بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اللہ تعالی ٰ سے مقبوضہ کشمیراور فلسطین کےمسلمانوں کو آزادی جیسی نعمت سے نوازنے کی دعا کی۔