، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے عوامی شعبے کی تنظیمی صلاحیت میں مزید بہتری آئے گی ۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں کی اصلاح ایک مستقل عمل ہے اور پارلیمنٹ نے موجودہ اداروں کے کام کو بہتر بنانے …

اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے عوامی شعبے کی تنظیمی صلاحیت میں مزید بہتری آئے گی ۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداروں کی اصلاح ایک مستقل عمل ہے اور پارلیمنٹ نے موجودہ اداروں کے کام کو بہتر بنانے کے لئے قابل ذکر قانون سازی کی ہے۔ علی محمد نے کہا کہ تحریک انصاف کی زیر قیادت حکومت اپنے اصلاحات کے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹے گی کیونکہ یہ پاکستان کی ترقی کا سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اپوزیشن کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن میں مطلوبہ ترامیم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری اور حتمی مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بروقت انجام دینے کے لئے پرعزم ہے۔علی محمد نے کہا کہ ہر فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی سفارتی فتح ہے اور دنیا اب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے یہ سمجھنا شروع کیا ہے کہ کشمیر دو جوہری ریاستوں کے مابین ایک فلیش پوائنٹ ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل دنیا کے بہترین مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے سنگین غلطی کی ہے۔