اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد 2024 کے لئےحج پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا ،جس کے بعد حج درخواستوں کی وصولی شروع کر دی جائے گی۔
جمعرات کو ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی خواتین بغیر محرم کے حج کر سکیں گی کیونکہ یہ سعودی عرب کی پالیسی ہے اورہم ان کی حج پالیسی کی پیروی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رویت ہلال کا قانون بن گیا ہے اس لئے اب کوئی نجی کمیٹی چاند کا اعلان نہیں کر سکے گی ۔ اب چاند کی روئیت کا اعلان صرف سرکاری کمیٹی کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں رونما ہونے والے مذہبی انتہا پسندی کے واقعات میں مقامی افراد ملوث نہیں۔بعض غیر ملکی کمزور معیشت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ غربت اور مفلسی کی وجہ سے کچھ افراد تشدد اور تخریب کاری میں ملوث ہو جاتے ہیں۔ایسے افراد کو منفی کارروائیوں سے روکنا حکومت کا کام ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ حج پیکیج کو پچھلے سال کے حج پیکیج سے بڑھنے نہیں دیں گے ۔ حج ٹکٹ کم کرنے کے لئے ابھی سے ہم نے مختلف ایئر لائنز سے رابطے شروع کر دیئے ہیں ۔