اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے محرم الحرام بالخصوص 9 اور 10 محرم الحرام (یومِ عاشورہ) کے دوران اپنے ریجن میں بجلی کی بلا تعطل،محفوظ اور معیاری فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے
آئیسکو نے یومِ عاشورہ کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے انتظامات مکمل کر لئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے محرم الحرام بالخصوص 9 اور 10 محرم الحرام (یومِ عاشورہ) کے دوران اپنے ریجن میں بجلی کی بلا تعطل،محفوظ اور معیاری فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آئیسکو انجینئر چوہدری خالد محمود کی ہدایات پر تمام آپریشن سرکلز، ڈویژنز اور سب ڈویژنز میں ایمرجنسی ریسپانس پلان نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ افسران و عملہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹیو آئیسکو انجینئرچوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اور مجالس و جلوسوں کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا آئیسکو کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اورجلوسوں کے روٹس کو بجلی فراہم کرنے والے فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور دیگر برقی تنصیبات کی خصوصی جانچ، مرمت اور دیکھ بھال کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کےروٹس پر واقع بجلی کے کھمبوں، تاروں اور دیگر تنصیبات کا تفصیلی سروے کیا گیا ہے جبکہ ممکنہ حفاظتی خطرات کے خاتمے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔محرم الحرام کے دوران بجلی کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں جوچوبیس گھنٹے فعال رہیں گے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے اضافی فنی عملہ، کرینیں، گاڑیاں، ٹرانسفارمرز اور دیگر ضروری سامان مختلف مقامات پر فراھم کر دیا گیا ہے۔ تمام فیلڈ افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور انہیں اپنی متعلقہ حدود میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹیو آئیسکو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور منتظمینِ مجالس وجلوس کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شکایات کے فوری ازالے اور بجلی کی فراہمی کی مؤثر نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کے شکایات کےاندراج اور بروقت ازالے کے لئے کمپلنٹ دفاتر کے نمبرز اور پلپ لائن نمبر 118 مکمل طور پر متحرک ہیں۔








