سی پی او فیصل آباد کی زیر صدارت محرم الحرام سیکیورٹی کے حوالہ سے اہم اجلاس، فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت
سی پی او فیصل آباد کی زیر صدارت محرم الحرام سیکیورٹی کے حوالہ سے اہم اجلاس، فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 21 جون (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسرفیصل آباد تنویر حسین کی زیر صدارت محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک، ایس ایس پی انویسٹی گیشن احمد نواز شاہ، ٹاؤن ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی، حساس مقامات کی نگرانی اور مجموعی حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سی پی او تنویر حسین نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام افسران و اہلکار ہائی الرٹ رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں۔سی پی او نے مجالس، جلوسوں، مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات کی نگرانی میں اضافہ کیا جائے اور خصوصی چیکنگ پلان پر فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں، ڈیجیٹل ایپس اور سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے ذریعے مشتبہ سرگرمیوں، نفرت انگیز مواد اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور قانون کے مطابق مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سی پی او تنویر حسین نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے، منتظمین اور امن کمیٹیوں سے قریبی رابطہ رکھا جائے اور تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے سیکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر مامور ملازمان کو وقتاً فوقتاً بریفنگ دی جائے اور انہیں ڈیوٹی کی حساسیت سے مکمل طور پر آگاہ رکھا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، لاپروائی یا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عزاداران کی فول پروف سیکیورٹی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فیصل آباد پولیس ہر وقت کوشاں ہے اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔








