ریسکیو 1122کا محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے حوالے سے جامع ایمرجنسی کورپلان جاری
ریسکیو 1122کا محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے حوالے سے جامع ایمرجنسی کورپلان جاری

مزید خبریں
ملتان۔ 21 جون (اے پی پی):ریسکیو 1122ملتان نے محرم الحرام بالخصوص یوم عاشور کے حوالے سے جامع ایمرجنسی کورپلان جاری کر دیا۔ ضلع بھر میں ریسکیو1122 کے600 سے زائد ریسکیو رز سمیت ایمبولینسز،فائروہیکلز، ریسکیووہیکلزکے علاوہ موبائل موٹر بائیک ایمبولینسزز بھی ماتمی جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ رہیں گے،9 اور 10 محرم الحرام کو کوڈ ریڈ نافذ رہے گا جبکہ تمام ریسکیورز کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز یہاں ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹر چوک کمہاراں والا میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیس ڈاکٹر حسین میاں کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں ایمرجنسی آفیسر ایڈمن انجینئر محمد بلال، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر ارشد خان، کنٹرول روم انچارج محمد مدثر ضیا، اسٹیشن کوآرڈینیٹرز اور شفٹ انچارجز نے بھی شرکت کی ۔ ڈاکٹر حسین میاں نے محرم الحرام کے دوران ملتان، شجاع آباد اور جلال پور پیر والا کی امام بارگاہوں، مجالس اور ماتمی جلوسوں میں عزاداروں کو بروقت طبی و دیگر ریسکیو امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں 600 سے زائد ریسکیورز ،جدید آلات سے لیس ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور دیگر ریسکیو گاڑیوں کے ساتھ ریسکیو ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں 35 ایمبولینسز، 18 فائر وہیکلز، متعدد ریسکیو وہیکلز اور 90 موبائل موٹر بائیک ایمبولینسز امام بارگاہوں ،مجالس کی جگہوں اور جلوسوں کے ہمراہ موجود رہیں گی جبکہ اہم امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر موبائل ایمرجنسی ریسکیو پوسٹس بھی قائم کی جائیں گی،اس کے علاوہ موبائل پوسٹیں اورایمبولینسز‘فائروہیکلزاپنے فرسٹ ایڈ باکس کے ساتھ جلوسوں کے ہمراہ ہونگی تاکہ عزادارین کو بروقت طبی امداد مہیا کی جا سکے۔
ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہے گا اور یوم عاشور پر یوم عاشور کے دوران بھی ہر ایمرجنسی کال پر فوری ایمرجنسی سروس کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا، 9 اور 10 محرم الحرام کو کوڈ ریڈ نافذ رہے گا جبکہ تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں،
جبکہ رابطہ نہ ہونے کی صورت میں لینڈ لائن نمبر 061-9220305 پر موقع پر موجود ریسکیو سٹاف یا قریبی کیمونٹی ریسکیو اسٹیشنوں کو ایمرجنسی کے بارے اطلاع دیں تاکہ بروقت ایمرجنسی سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ تمام عزاداروں اورامام بارگاہوں کے منتظمین سے گزارش ہے کہ وہ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ مشترکہ کوششوں سے محرم الحرام کے دوران بروقت طبی امداد اور محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔








