چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے بیجنگ میں ٹینگ چائنیز ایجوکیشن کے ہیڈکوارٹرز میں ادارے کے بانی لی جن سونگ سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی
رانا مشہود احمد خاں کی ٹینگ چائنیز ایجوکیشن کے بانی سے بیجنگ میں ملاقات، نوجوانوں کی ترقی اور تعلیمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد/ بیجنگ۔21جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے بیجنگ میں ٹینگ چائنیز ایجوکیشن کے ہیڈکوارٹرز میں ادارے کے بانی لی جن سونگ سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔پرائم منسٹرز آفس یو تھ افئیرز ونگ کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں چینی زبان کی تعلیم کے فروغ، ہنر مندی کے پروگراموں میں توسیع اور پاکستانی نوجوانوں کوبااختیار بنانے کے مزید مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے اس امر پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ نوجوانوں کو ایسی لسانی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کیا جائے جو انہیں تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی معیشت میں کامیابی حاصل کرنے کے قابل بنا سکیں۔
اس موقع پر رانا مشہود احمد خاں نے نوجوانوں میں معیاری تعلیم، بین الاقوامی شراکت داریوں اور استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں کے ذریعے سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات، زبان سیکھنے کے مواقع اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتوں تک رسائی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ لی جن سونگ نے پاکستانی طلبہ کے لیے ثقافتی ہم آہنگی، زبان دانی اور تعلیمی معیار کو فروغ دینے والی سرگرمیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ تعاون پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔دونوں فریقین نے تعلیم، ہنر مندی اور نوجوانوں کے تبادلے سے متعلق اقدامات میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اس اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت پاکستانی طلبہ اور نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مزید مشترکہ منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور چین کے ساتھ تعلیمی و ثقافتی روابط کا فروغ نوجوانوں کے لیے تعلیم، جدت اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں جانب سے نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور تعلیم، جدت طرازی اور عوامی روابط کے ذریعے روشن مستقبل کی تعمیر کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔پاکستان اور چین کی لازوال دوستی دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے ترقی اور کامیابی کے نئے افق روشن کرے گی۔







