آئیسکو کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بجلی واجبات کی وصولی کے لئے بھرپور کارروائیاں جاری

125
IESCO

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی اسلام آباد ، راولپنڈی ، اٹک، جہلم ، چکوال میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بجلی واجبات کی وصولی کے لئے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، کارروائیوں کے نتیجہ میں مجموعی طور پر ریجن بھر میں14 ہزار 112 نادہندگان سے 20 کروڑ سے زائد کے واجبات وصول کئے گئے اور واجبات کی ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کے بجلی کے کنکشنز منقطع کر دیئے گئے ہیں۔

آئیسکو کے ترجمان کے مطابق واجبات وصولی کی کارروائیوں میں آئیسکو کی تمام ریکوری ٹیموں کو پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ اسلام آباد سرکل سے360 نادہندگان سے38 لاکھ 48 ہزار، اٹک سرکل سے 253 نادہندگان سے 51 لاکھ 82 ہزار، راولپنڈی سٹی سرکل سے 73 نادہندگان سے 19 لاکھ 35 ہزار، جہلم سرکل سے211 نادہندگان سے 12 لاکھ 44 ہزار، چکوال سرکل 235 نادہندگان سے 38 لاکھ 4 ہزار اور راولپنڈی کینٹ سرکل سے 210 نادہندگان سے65 لاکھ 25 ہزار کی ریکوری یقینی بنائی گئی اور مجموعی طور پر جاری واجبات وصولی مہم کے دوران ریجن بھر میں14 ہزار 112 نادہندگان سے 20 کروڑ سے زائد کے واجبات وصول کئے گئے اور واجبات کی ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کے بجلی کے کنکشنز منقطع کر دیئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ نادہندگان میں وہ صارفین بھی شامل ہیں جن کے بجلی کے میٹرز عدم ادائیگی کی وجہ سے پہلے سے کٹے ہوئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے آئیسکو ریکوری ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور صارفین سے درخواست کی کہ وہ اخلاقی اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور بجلی کے بل بروقت ادا کریں اور اگر کسی وجہ سے انہیں بجلی کے بل موصول نہیں ہوتے تو وہ آئیسکو کی آفیشل ویب سائٹ www.iesco.com.pk ، متعلقہ ایس ڈی او آفس، ریونیو آفس یا کسٹمر سروسز سینٹرز سے ڈوپلیکیٹ بل حاصل کر سکتے ہیں۔