اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے جلد عوام کو خوشخبری ملنے والی ہے۔ وہ پیر کو ایوان صدر میں آل پارٹیز کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے۔ ایمل ولی خان نے آئینی ترامیم کے وقت سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ جتنا جلدی ہوسکے آئینی ترامیم ہو جانی چاہئے، تاہم یہ وقت دور نہیں جلد عوام کو خوشخبری ملے گی۔
دعوت نامہ کے باوجود پی ٹی آئی کی عدم شرکت کے سوال پر ایمل ولی خان نے کہا کہ یہ سوال پی ٹی آئی سے پوچھا جائے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آج ہم سب اکٹھے ہوئے تاکہ حکومت پاکستان اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے اسرائیل کو ایک پیغام دیا جائے کہ ہم فلسطین کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔