کراچی۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان و میئر کراچی مرتضی وہاب نے 26 ویں آئینی ترمیم کے متعلق مخالفین کی تنقید کو محض مفروضوں پر مبنی الزامات قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترمیم کے مثبت نتائج قوم کے سامنے آنا شروع ہو جائیں گے،بلاول بھٹو زرداری کو آئینی ترمیم کی حمایت کے لیے وسیع تر اتفاقِ رائے کے حصول کے لیے بھرپور محنت اور حقیقی معنوں میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہے۔ میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل بلاول ہاوَس میں میڈیا سیل کے انچارج سریندر ولاسائی، میڈیا کوآرڈینیٹر فدا حسین ڈھکن اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مرتضیٰ وہاب نے 26 ویں آئینی ترمیم کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور اس تاثر کو مسترد کیا کہ یہ ترمیم عدلیہ کی خودمختاری کو متاثر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے تقرر کے حوالے سے بھی کوئی نیا طریقہ کار وضح نہیں کیا گیا، بلکہ سپریم کورٹ کی جانب سے پہلے ہی سے مروج اصول کو اختیار کیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے ان الزامات کو بھی مسترد کیا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں انتہائی عجلت سے کام لیا۔ انہوں نے کہا کہ ترمیم کے حوالے سے گذشتہ 2 ماہ سے یہ پروسس چل رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ترمیم کی منظوری کے لیے حکومت اور دیگر جماعتوں کے درمیان پُل کا کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے ثابت کیا کہ جمہوریت اور جمہوری رواداری کے ذریعے مخالف کو بھی ساتھ ملاکر ایک ایسا بہتر دستاویز منظور کرایا جاسکتا ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں ان تمام جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ترمیم کی منظوری کے لیے تعاون کیا۔