آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے یوم دفاع و شہداءکے حوالے سے قومی نغمہ ”ہر گھڑی تیار کامران“ ٹویٹ کیا

راولپنڈی ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے یوم دفاع و شہداءکے حوالے سے قومی نغمہ ”ہر گھڑی تیار کامران“ ٹویٹ کیا ہے۔ ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کے موقع پر قومی نغمہ ٹویٹ کرتے ہوئے …

راولپنڈی ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے یوم دفاع و شہداءکے حوالے سے قومی نغمہ ”ہر گھڑی تیار کامران“ ٹویٹ کیا ہے۔ ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کے موقع پر قومی نغمہ ٹویٹ کرتے ہوئے دفاع وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءکی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یوم دفاع اور یوم شہداءکے موقع پر ہم اپنے شہداءاور ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں، ”ہر گھڑی تیار کامران“ قومی نغمہ 80 کی دہائی میں گائے گائے پرانے تاریخی نغمے کا ری میک ہے جس کو پاکستان کے نامور گلوکاروں علی حمزہ، علی عظمت، علی نور اور عاصم اظہر نے یوم دفاع و شہداء2020ءکے لئے خصوصی طور پر تیار کیا ہے۔ انہوں نے نغمہ میں اپنی مسلح افواج کی خدمات اور ان کی آپریشنل تیاریوں کو خراج پیش کیا ہے۔ میوزک کی ویڈیو میں دہشت گردی کے خلاف بطور قوم پاکستان کی قربانیوں کو دکھایا گیا ہے اور مسلح افواج کے عزم ہمارا کوئی ثانی نہیں، کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں گلوکاروں کے شارٹس بھی شامل کئے گئے ہیں جن میں وہ اپنے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ معروف گلوکار علی حمزہ (نوری) نے یہ نغمہ دل و جان سے گایا ہے اور ان کی کمپوز کی گئی دھنوں نے ملی نغمے کو ایک نئی جہت دی ہے۔ واضح رہے کہ یہ ملی نغمہ قبل ازیں خالد وحید نے گایا تھا جس کے مصنف ظفر اللہ پوشنی ہیں۔ بعد ازاں علی حیات رضوی نے اس میں نئے شعر بھی شامل کئے۔ علی حمزہ نے اپنی مخصوص تخلیقی صلاحیتوں بروئے کار لاتے ہوئے اپنی دھنوں کے ذریعے جدید راک میوزک میں ایک نیا رجحان متعارف کرایا ہے۔ نغمہ کی موسیقی آرمی سکول آف میوزک کے ملٹری بینڈ نے پرفارم کی ہے۔ درحقیقت ایک انتہائی مخصوص کمپوزیشن کی بنیاد پر اس ملی نغمہ کو ”قابل فخر نغمہ“ بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔