انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد کا اعلان

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد کا اعلان کردیا،عالمی ایونٹ 7 سے 12 دسمبر 2026 تک مصر کے شہر اسماعیلیہ میں کھیلا جائے گا

لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد کا اعلان کردیا،عالمی ایونٹ 7 سے 12 دسمبر 2026 تک مصر کے شہر اسماعیلیہ میں کھیلا جائے گا۔ایف آئی ایچ ترجمان کے مطابق یوتھ اولمپک گیمز 2022 کے کورونا وبا کے باعث ملتوی ہونے اور ڈاکار 2026 یوتھ اولمپکس میں ہاکی کو نان میڈل انگیجمنٹ اسپورٹ کے طور پر شامل کیے جانے کے بعد نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر مسابقتی مواقع فراہم کرنے کیلئے نئے عالمی ایونٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ میں عالمی معیار کی ہاکی کے ساتھ کھلاڑیوں کی تعلیم، قیادت اور صلاحیتوں کی نشوونما پر بھی توجہ دی جائے گی۔ ایونٹ کو کھلاڑیوں کو مرکز میں رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کی فلاح و بہبود، کھیلوں کی ترقی اور انہیں مستقبل کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور رول ماڈلز کے طور پر تیار کرنا ہے۔ترجمان کے مطابق تیز رفتار ہاکی فائیو فارمیٹ کے باعث ٹورنامنٹ شائقین اور کھلاڑیوں کیلئے دلچسپ اور پرکشش ہوگا جبکہ دنیا بھر میں ہاکی کو نئے ناظرین تک پہنچانے اور ہر براعظم کے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کھیلنے کے مزید مواقع فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کا کہنا ہے کہ یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ کا قیام نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے عزم کی جانب ایک اہم قدم ہے، اس ایونٹ کے ذریعے دنیا کے ہر براعظم سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو اعلی ترین بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے، میدان کے اندر اور باہر اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے اور کھیل و اولمپک تحریک کی اقدار سیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ مصر کو افتتاحی یوتھ ہاکی فائیو ورلڈ کپ کی میزبانی دینا عالمی ہاکی میں افریقہ کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ مصر نے عالمی معیار کے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کی صلاحیت ثابت کی ہے اور یہ ایونٹ نوجوانوں میں ہاکی کے فروغ اور ابھرتے ہوئے ممالک و خطوں میں کھیل کو مضبوط بنانے کیلئے دیرپا کردار ادا کرے گا۔ٹورنامنٹ سے قبل 7 سے 9 دسمبر تک تمام کھلاڑی اور ٹیم اسٹاف دو خصوصی ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ ایتھلیٹ ٹیلنٹ کیمپ میں ہاکی کی مہارت اور حکمت عملی، اولمپک اقدار، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور طویل المدتی کھیلوں کی ترقی پر توجہ دی جائے گی، جبکہ یوتھ لیڈرشپ کیمپ کے ذریعے نوجوان ٹیم آفیشلز اور امپائرز کو قیادت اور امپائرنگ کے حوالے سے عملی تجربہ فراہم کیا جائے گا۔