انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے میڈیا نمائندوں کو رواں سال میں بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے پہلے ایف آئی ایچ پیرا ہاکی ورلڈ کپ کی کوریج کی دعوت دیتے ہوئے ایونٹ کی تفصیلات اور میڈیا رسائی سے متعلق معلومات جاری کر دی ہیں۔تاریخی ٹورنامنٹ20 سے 24 اگست تک کھیلا جائے گاجبکہ افتتاحی تقریبات19 اگست کو دونوں میزبان ممالک میں منعقد ہوں گی
آئی ایف ایچ نے پیرا ہاکی ورلڈ کپ کی کوریج کی تفصیلات جاری کر دیں

مزید خبریں
لاہور۔23جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے میڈیا نمائندوں کو رواں سال میں بیلجیم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے پہلے ایف آئی ایچ پیرا ہاکی ورلڈ کپ کی کوریج کی دعوت دیتے ہوئے ایونٹ کی تفصیلات اور میڈیا رسائی سے متعلق معلومات جاری کر دی ہیں۔تاریخی ٹورنامنٹ20 سے 24 اگست تک کھیلا جائے گاجبکہ افتتاحی تقریبات19 اگست کو دونوں میزبان ممالک میں منعقد ہوں گی۔ایف آئی ایچ کے مطابق یہ پہلا پیرا ہاکی ورلڈ کپ ہوگا جس میں ذہنی معذوری کے حامل کھلاڑی مخلوط (مرد و خواتین) ٹیموں کی صورت میں شرکت کریں گے۔ٹورنامنٹ میں16 قومی ٹیمیں چھ کھلاڑیوں پر مشتمل فارمیٹ میں میدان میں اتریں گی۔مقابلے نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹل وین میں واقع ایچ سی مائرا اور بیلجیم کے لووین لا نیوو ہاکی کلب میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنلز ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے مرکزی مقامات ویگنر سٹیڈیم اور بیلفیئس ہاکی ایرینا میں منعقد ہوں گے۔ایف آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پیرا ہاکی میں مسلسل ترقی ہوئی ہے اور دنیا بھر کی30 سے زائد قومی ہاکی ایسوسی ایشنز اس کھیل کو فروغ دے رہی ہیں۔
2023 میں برلن میں ہونے والے سپیشل اولمپکس ورلڈ سمر گیمز میں کامیاب نمائشی شرکت کے بعد توقع ہے کہ پہلا پیرا ہاکی ورلڈ کپ اس کھیل کی عالمی سطح پر مزید ترقی کا باعث بنے گا اور مستقبل میں سپیشل اولمپکس ورلڈ سمر گیمز میں اس کی باضابطہ شمولیت کی راہ ہموار کرے گا۔ایف آئی ایچ کے مطابق یہ ایونٹ صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ شمولیت،مساوی مواقع،عزم اور عالمی سطح پر تاریخ رقم کرنے والے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کی کہانی بھی ہے۔فیڈریشن نے عالمی میڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ اس تاریخی ٹورنامنٹ کی کوریج کرے اور ان کھلاڑیوں،کوچز اور ٹیموں کی متاثر کن داستانیں دنیا تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ایف آئی ایچ نے واضح کیا ہے کہ جن صحافیوں کو15 سے30 اگست تک ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے لیے ایکریڈیشن حاصل ہوگی،وہی ایکریڈیشن پیرا ہاکی ورلڈ کپ کے لیے بھی موثر ہوگی، جبکہ دیگر میڈیا نمائندے رسائی کے لیے ایف آئی ایچ سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔








