آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا شہرمیں امن و امان کا جائزہ ، موثر پولیسنگ اور جرائم پر قابو پانے کی ہدایت

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا شہرمیں امن و امان کا جائزہ ، موثر پولیسنگ اور جرائم پر قابو پانے کی ہدایت

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی سربراہی میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن اسلام آباد محمد عثمان طارق بٹ اور ڈی ایس پی سی آئی اے نے شرکت کی۔ پولیس حکام نے ہفتہ کو اے پی پی کو بتایا کہ اجلاس میں جرائم کی روک تھام، موثر پولیسنگ، گشت کے نظام، فوری ردعمل اور عوامی تحفظ سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی سید علی ناصر رضوی نے شہر میں سکیورٹی کو بہتر بنانے اور پولیسنگ کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اقدامات کا ایک جامع جائزہ لیا۔ انہوں نے آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے، واقعات پر بروقت ردعمل کو یقینی بنانے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے فعال حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ گشت کے نظام کو مزید بہتر بنائیں اور قانون کے بہتر نفاذ کے لیے مختلف یونٹس کے درمیان موثر رابطہ کاری کو یقینی بنائیں۔آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور امن و امان برقرار رکھنا اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔