لاہور۔19فروری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد، کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، سوموار کو ہونے والی کانفرنس میں آئی جی پنجاب نے لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، پبلک سروس ڈلیوری میں پیش رفت کا جائزہ لیا، آر پی اوز ، سی پی اوز ، ڈی پی اوز نے لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول کیلئے جاری اقدامات بارے بریفنگ دی،
آئی جی پنجاب نے کہا کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد میں آر پی اوز ، سی پی او اور ڈی پی اوز کی کارکردگی شاندار رہی، تمام حالات میں امن کا قیام، کرائم کنٹرول پنجاب پولیس کی اولین ترجیح رہے گی، پنجاب پولیس کو مختصر عرصے میں خوبصورت انفراسٹرکچر اور جدید ترین آئی ٹی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کی دیکھ بھال کیلئے فنانشل سپورٹ سسٹم تشکیل دے دیا، سرحدی چوکیوں کو مضبوط کرکے جدید ٹیکنالوجی، تھرمل کیمروں سے اپ گریڈ کیا ہے، کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر ہمارے جانباز دہشت گردوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار ہیں، پنجاب پولیس کے 41 نئے ویلفیئر پراجیکٹس سے لاکھوں ملازمین اور شہدا کے اہل خانہ مستفید ہوں گے، انہوں نے ہدایت کی کہ نئے سیف سٹیز، سائبان، سمارٹ پولیس سٹیشنز، ٹریفک دفاتر کی اپ گریڈیشن ٹائم لائن میں مکمل کریں۔