اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم میٹنگز کا انعقاد کیا جس میں زیر تفتیش مقدمات ،چالان کی تیاری، مختلف کیسز کے قانونی پہلوئوں سمیت تفتیش کے معیار میں بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے سی ٹی او اسلام آباد کو شہر میں ٹریفک کی موثر روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں …
آئی جی پولیس سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم میٹنگز کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم میٹنگز کا انعقاد کیا جس میں زیر تفتیش مقدمات ،چالان کی تیاری، مختلف کیسز کے قانونی پہلوئوں سمیت تفتیش کے معیار میں بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے سی ٹی او اسلام آباد کو شہر میں ٹریفک کی موثر روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی آسانی کے پیشِ نظر نئے اور معیاری ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریکس کے قیام کی ہدایات بھی جاری کیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس میں رات گئے تک اہم میٹنگز کا انعقاد کیا گیا جن میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، اے آئی جی لیگل، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی سٹی، سی ٹی او اسلام آباد اور ایس پی ٹریفک نے شرکت کی۔میٹنگز کے دوران آئی جی اسلام آباد نے سنگین نوعیت کے مقدمات کی تحقیقات و تفتیش کے تمام پہلوؤں، چالان کی تیاری،قانونی کمزوریوں کے ازالے اور عدالتوں میں مقدمات کی موثر پیروی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے اس موقع پر افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید پولیسنگ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیشی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے تاکہ تفتیشی عمل میں تیزی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ فرانزک شواہد کی بروقت فراہمی، ڈیجیٹل ذرائع سے معاونت اور جدید ڈیٹا اینالسز کے استعمال سے نہ صرف کیسز کے حل کی رفتار میں اضافہ ہوگا بلکہ انصاف کی فراہمی کا عمل بھی زیادہ موثر اور قابلِ اعتماد بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موثر تفتیش کے لئے انسانی وسائل کے بہترین استعمال، ٹیم ورک کے فروغ اور افسران و جوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پولیس فورس جدید چیلنجز سے بخوبی نمٹ سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ، شواہد اور قانونی تقاضوں کے عین مطابق مکمل کی جائے تاکہ انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی او اسلام آباد اور ایس پی ٹریفک کے ساتھ ٹریفک کے موثر انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سی ٹی او اسلام آباد کو ہدایت کی کہ شہر میں جاری ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے خصوصی ڈپلائمنٹ کی جائے تاکہ رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو متبادل راستوں اور ٹریفک پلان سے متعلق بھی بھرپور آگاہی فراہم کی جائے۔
آئی جی اسلام آباد نے لائسنسنگ کے نظام کو مزید بہتر اور شفاف بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا اور شہریوں کی آسانی کے پیشِ نظر نئے اور معیاری ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریکس کے قیام کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہر میں امن و امان کے قیام ،جرائم کے انسداد کے ساتھ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔








