خیبر پختونخوا پولیس کو جدیدترین ڈرون ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے سلسلے میں خصوصی تقریب سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقد ہوئی
آئی جی پی خیبر پختونخوا نے 76 جدید ڈرونز مختلف اضلاع اور یونٹس میں تقسیم کر دئیے

مزید خبریں
پشاور۔ 08 جولائی (اے پی پی):خیبر پختونخوا پولیس کو جدیدترین ڈرون ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے سلسلے میں خصوصی تقریب سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقد ہوئی۔سنٹرل پولیس آفس پشاور تر جمان کے مطابق تقریب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے صوبے کے 27اضلاع اور7 یونٹس کے نمائندوں کوجدید سرویلنس ڈرونز Mavic4TSurveillanceDrones DJI جبکہ صوبے کے انتہائی حساس اضلاع کے سی ٹی ڈی کو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز، فضائی نگرانی اور خصوصی کارروائیوں کیلئے جدید تھرمل ٹیکنالوجی سے لیس اضافی DJIMatrice400RTK ڈرونز بھی فراہم کیے گئے ۔ اس موقع پر تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز سمیت متعلقہ ضلعی پولیس افسران، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ایلیٹ فورس، ایس ایس یو، ایف آر پی، پی ٹی سی ہنگو، ای پی ٹی سی کے نمائندوں اورپولیس کے دیگر اعلیٰ افسران نے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرناوقت کی اہم ضرورت اور ہماری اولین ترجیح ہے،جدیدتھرمل ڈرون ٹیکنالوجی سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سرچ اینڈ سٹرائیک مشنز، حساس مقامات کی نگرانی، بڑے اجتماعات کی مانیٹرنگ، قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں غیر معمولی بہتری آئے گی۔صوبائی پولیس سربراہ نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے حصول کے بعد خیبر پختونخوا پولیس رات کی تاریکی میں شرپسندوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر نشانہ لگانے کی صلاحیت مزید بہتر ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈرونز نہ صرف اپنی رفتار میں بے مثال ہیں بلکہ دور تک اُڑان اور اضافی پے لوڈ لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ ہی وقت کی اہم ضرورت ہے اور خیبر پختونخوا پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ جدید سرویلنس سسٹمز کے ذریعے پولیس فورس کی آپریشنل استعداد، فوری رسپانس اور افسران و جوانوں کی حفاظت میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جدید آلات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی خصوصی تربیت بھی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ ان وسائل سےاستفادہ کیا جا سکے۔آئی جی پی نے متعلقہ اضلاع اور یونٹس کے افسران کو ہدایت کی کہ جدید ڈرونز کو دہشت گردی کے خلاف جنگ، جرائم کی روک تھام،حساس علاقوں کی نگرانی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ دہشتگردی کیخلاف مطلوبہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے تقریب کے دوران صوبے کے جن 27 اضلاع اور7 یونٹس کے نمائندوں میں 76 جدید Mavic4T SurveillanceDrones اور DJIMatrice400RTKتقسیم کیے ان میں پشاور،خیبر، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ ، بٹگرام، تورغر ،ہری پور، سوات،شانگلہ،اپر دیر، لوئر دیر،باجوڑ، بونیر، لوئر چترال،کوہاٹ ،ہنگو،کرم،کرک،بنوں،لکی مروت،ڈیرہ اسماعیل خان،ٹانک ، ایس ایس یو،ایلیٹ فورس ،سپیشل برانچ، ایف آر پی،پی ٹی سی ہنگواورای پی ٹی سی نوشہرہ شامل تھے ۔







