آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے میچز کیلئے میچ آفیشلز مقرر،20 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 7 فروری کو ہو گا

لاہور۔30جنوری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے میچز کے لیے میچ آفیشلز مقرر کر دئیے گئے ہیں۔ 20 ٹیموں پر مشتمل اس میگا ایونٹ میں کمار دھرما سینا اور وین نائٹس کو آن فیلڈ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 7 فروری کو سنہالی سپورٹس کلب گرائونڈ پر پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سری لنکا …

لاہور۔30جنوری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے میچز کے لیے میچ آفیشلز مقرر کر دئیے گئے ہیں۔ 20 ٹیموں پر مشتمل اس میگا ایونٹ میں کمار دھرما سینا اور وین نائٹس کو آن فیلڈ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 7 فروری کو سنہالی سپورٹس کلب گرائونڈ پر پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کے سابق آف اسپنر کمار دھرما سینا جو 1996 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے اور اب تک آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 37 میچز میں امپائرنگ کر چکے ہیں، جن میں 2016 اور 2022 کے فائنلز بھی شامل ہیں، وہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کے وین نائٹس کے لیے یہ پہلا آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو گا، تاہم وہ گروپ اے کے اسی میچ میں بطور آن فیلڈ امپائر اپنے 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز مکمل کریں گے۔افتتاح کے روزگروپ سی میں اسکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں نتن مینن اور سیم نوگاجسکی امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ نتن مینن 2024 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آن فیلڈ امپائرز کا حصہ رہ چکے ہیں جبکہ سیم نوگاجسکی نے گزشتہ ایونٹ میں گروپ مرحلے کے چار میچز میں امپائرنگ کی تھی، جن میں بھارت اور امریکا کا مقابلہ بھی شامل تھا،اسی روز ٹرپل ہیڈر کے آخری میچ میں بھارت اور امریکا ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے، جہاں پال رائفل اور راڈ ٹکر آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔

اسی طرح راڈ ٹکر اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کرنے والے آفیشل ہیں، جو اب تک 46 میچز کر چکے ہیں اور اس ایونٹ کے دوران 50 میچز کا سنگِ میل عبور کریں گے۔ وہ انگلینڈ بمقابلہ نیپال، بھارت بمقابلہ نمیبیا اور جنوبی افریقہ بمقابلہ متحدہ عرب امارات کے میچز میں بھی امپائرنگ کریں گے۔11 فروری کو گروپ بی میں آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان مقابلے میں کرس گیفنی اور رچرڈ النگ ورتھ آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جو 2024 کے فائنل میں بھی ایک ساتھ امپائرنگ کر چکے ہیں۔ رچرڈ النگ ورتھ کمار دھرما سینا کے ساتھ 15 فروری کو کولمبو میں روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان اہم میچ میں بھی امپائرنگ کریں گے۔

گروپ مرحلے کے دوران مجموعی طور پر 24 امپائرز آن فیلڈ ڈیوٹیز انجام دیں گے، جن میں رچرڈ کیٹلبرو، احسن رضا، لینگٹن روسیرے اور ایڈرین ہولڈ اسٹاک جیسے تجربہ کار نام بھی شامل ہیں۔آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے میچ ریفریز میں ڈین کوسکر، ڈیوڈ گلبرٹ، رنجن مدوگالے، اینڈریو پائکرافٹ، رچی رچرڈسن اور جواگل سریناتھ شامل ہیں، جبکہ امپائرز کی فہرست میں دنیا بھر سے نامور اور تجربہ کار آفیشلز کو شامل کیا گیا ہے۔آئی سی سی کے مطابق گروپ مرحلے کے مکمل میچ ڈے اپوائنٹمنٹس جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ سپر ایٹ اور ناک آئوٹ مرحلے کے آفیشلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔