آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ نے اٹلی کو 73 رنز سے شکست دے دی

کولکتہ۔9فروری (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ نے مائیکل لیسک کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت اٹلی کو 73 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی ۔ اٹلی کی ٹیم 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16.4 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ مائیکل لیسک کو آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا …

کولکتہ۔9فروری (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں سکاٹ لینڈ نے مائیکل لیسک کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت اٹلی کو 73 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی ۔ اٹلی کی ٹیم 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16.4 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔

مائیکل لیسک کو آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پیر کو ایڈن گارڈنز،کولکتہ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے ساتویں میچ میں اٹلی کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے اور اٹلی کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 208 رنز کا ہدف دیا۔جارج منسی 84 اور برینڈن میک مولن 41 ،مائیکل جونز 37 رنز بنائے ، مائیکل لیسک ناقابل شکست 22 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ اٹلی کے علی حسن ،گرانٹ سٹیورٹ،تھامس ڈریکا اور جے جے سمٹس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

جواب میں سکاٹ لینڈ کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت اٹلی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اٹلی کے بین مانینٹی نے52 اور ہیری مانینٹی نے 37 رنز بنائے۔سکاٹ لینڈ کی جانب سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مائیکل لیسک نے 4 کھلاڑیو ں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مارک واٹ نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اٹلی کی ٹیم کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے ۔ سکاٹ لینڈ نے اٹلی کی ٹیم کو 73 رنز سے شکست دے کر پہلی فتح سمیٹ لی۔ سکاٹ لینڈ کے مائیکل لیسک کو آل رائونڈ کارکردگی پر مرد میدان قرار دیا گیا ، واضح رہے کہ یہ سکاٹ لینڈ کی دو میچز میں پہلی فتح ہے۔