ریجنل پولیس آفیسرمردان قاسم علی خان نے پولیس لائنزمردان میں دربار کا انعقاد کیا، جس کا مقصد پولیس فورس اورکمانڈ کے درمیان رابطے اورباہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا اورافسران واہلکاروں کے مسائل براہِ راست سننا تھا
آرپی او مردان کا پولیس لائنزمیں دربار، افسران واہلکاروں کے مسائل سنے

مزید خبریں
پشاور۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسرمردان قاسم علی خان نے پولیس لائنزمردان میں دربار کا انعقاد کیا، جس کا مقصد پولیس فورس اورکمانڈ کے درمیان رابطے اورباہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا اورافسران واہلکاروں کے مسائل براہِ راست سننا تھا ۔دربارکے دوران پولیس افسران واہلکاروں نے مختلف انتظامی، دفتری اورذاتی نوعیت کے مسائل وتجاویز پیش کیں، جنہیں آر پی او مردان نے تفصیل سے سنا،بعض مسائل موقع پرہی حل کرنے کےاحکامات جاری کیے گئے جبکہ دیگر معاملات کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات اورمقررہ مدت دی گئی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسرنےکہا کہ پولیس ایک خاندان کی مانند ہے اورفورس کے ہررکن کی فلاح و بہبود اورمسائل کا بروقت ازالہ کمانڈ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے افسران و اہلکاروں پرزوردیا کہ عوام کے ساتھ رویہ شائستہ، دوستانہ اورقانون کےمطابق رکھا جائے کیونکہ عوام کا اعتماد پولیس کی کارکردگی کا بنیادی ستون ہے ۔آر پی او نے مزید کہا کہ پولیس ایک منظم اورڈسپلنڈ فورس ہے، ہر افسراوراہلکار کو ڈیوٹی، رویے اورروزمرہ امور سمیت ہرشعبے میں نظم و ضبط کی مکمل پابندی یقینی بنانی چاہیے ۔دربار میں ڈی پی او مردان، تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ریجنل پولیس آفس کے افسران و اہلکاروں سمیت مختلف رینکس سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔







