ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی زیرِ صدارت آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد

ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

سرگودھا ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ارشد علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ارشد وٹو، محکمہ تعلیم، ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سرگودھا کی 236 یونین کونسلز میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 27 لاکھ 86 ہے جن میں 14 لاکھ 20 ہزار 151 مرد اور 12 لاکھ 79 ہزار 935 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ضلع میں 1705 پولنگ اسٹیشن اور 5224 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 1705 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جن میں 275 مردانہ، 258 خواتین اور 1172 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہوں گے۔ مجوزہ طور پر 2745 مردانہ اور 2509 خواتین پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے، اس طرح مجموعی طور پر 5224 پولنگ بوتھ ہوں گے۔ ان پولنگ بوتھ کے لیے 1705 پریزائیڈنگ افسران، 5224 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور 5224 پولنگ افسران درکار ہوں گے، جبکہ مجموعی طور پر 17 ہزار 377 پولنگ اسٹاف کی ضرورت ہوگی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر جبکہ 35 ریٹرننگ افسران مقرر کیے جائیں گے۔ ہر چھ سے سات یونین کونسلز کے لیے ایک ریٹرننگ افسرہوگا۔اسکے علاوہ تقریباً 66 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران درکار ہوں گے، جن کا تعلق گریڈ 16 اور 17 کے افسران سے ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے ریٹرننگ افسران کے لیے 40 افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے لیے 80 افسران کی فہرست تیار کرکے فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں سے گریڈ ایک سے گریڈ 20 تک کے ملازمین کی تفصیلات بھی طلب کر لیں تاکہ پولنگ عملے کی تعیناتی کے لیے جامع ڈیٹا مرتب کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع کی تمام یونین کونسلز میں موجود سرکاری دفاتر، سکولز، بنیادی و دیہی مراکز صحت اور دیگر سرکاری عمارتوں کی تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔ ایسی عمارتوں کو ترجیح دی جائے جہاں پانی، بجلی، واش رومز، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے لیے تقریباً 12 سو سرکاری عمارتیں درکار ہوں گی اور دستیاب سرکاری عمارتوں کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں تمام ہوم ورک فوری مکمل کیا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ارشد وٹو اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو تین روز کے اندر تمام مطلوبہ معلومات اکٹھی کرکے الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی جبکہ تمام انتظامات کو 15 ستمبر تک حتمی شکل دینے کی ٹائم لائن مقرر کی گئی۔