یونیورسٹی آف لاہور اور یونیورسٹی آف پلائی ماؤتھ کے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی دعوت پریونیورسٹی آف لاہور اور یونیورسٹی آف پلائی ماؤتھ کے طلبہ و طالبات پر مشتمل 50 رکنی وفد نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی دعوت پریونیورسٹی آف لاہور اور یونیورسٹی آف پلائی ماؤتھ کے طلبہ و طالبات پر مشتمل 50 رکنی وفد نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر وفد کو سینیٹ سیکرٹریٹ حکام نے خوش آمدید کہا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق وفد نے گلی دستور، سینیٹ میوزیم، سینیٹ ہال، اسمبلی ہال اور پارلیمنٹ بلڈنگ میں موجود دیگر اہم تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔سینیٹ میوزیم کے دورے کے دوران وفد کو پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، قانون سازی کے عمل اور ایوانِ بالا کے قومی اُمور میں کردار سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفد کو سینیٹ کی تاریخ اور اہم پارلیمانی مراحل پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

وفد کے شرکا نے سینیٹ ہال کا دورہ بھی کیاجہاں انہیں ایوان بالاء کے اجلاس کی کارروائی کے طریقہ کار، قانون سازی کے مراحل اور پارلیمانی کمیٹیوں کے نظام سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔وفد کو پارلیمانی ڈھانچے کے موثر کردار اور قانون سازی میں کمیٹیوں کی اہمیت بارے بھی آگاہ کیا گیا۔وفد نے قومی اسمبلی ہال کا بھی دورہ کیا۔بعد ازاں وفد نے ”گلی دستور“ کا دورہ کیا جہاں انہیں آئین پاکستان کی تشکیل اور آئینی تاریخ کے نمایاں مراحل سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ وفد نے دورے کے اختتام پر سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کی گئی بریفنگ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیا۔