ڈپٹی کمشنر تورغر ڈاکٹر یاسر عمران نے گورنمنٹ ہائی سکول شگئی کا دورہ کیا، جہاں ضلعی انتظامیہ تورغر کی جانب سے موبائل کمپیوٹر لیب وین کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر تورغر ڈاکٹر یاسر عمران کا ہائی سکول شگئی کادورہ،موبائل کمپیوٹر لیب وین کا افتتاح کیا

مزید خبریں
تورغر۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر تورغر ڈاکٹر یاسر عمران نے گورنمنٹ ہائی سکول شگئی کا دورہ کیا، جہاں ضلعی انتظامیہ تورغر کی جانب سے موبائل کمپیوٹر لیب وین کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے لیب وین کا افتتاح سکول کے دو ہونہار طلبہ کے ہاتھوں کروا کر نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے اور انہیں آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تورغر شمس الرحمٰن، اسسٹنٹ کمشنر جدباء فضل الرحمٰن، اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) یاسر اسرار، اساتذہ، طلبہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر یاسر عمران نے طلبہ سے ملاقات کی، ان کی تعلیمی سرگرمیوں اور کمپیوٹر سے متعلق دلچسپی کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تعلیم ترقی کی بنیاد ہیں اور ضلعی انتظامیہ اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ تورغر کے دور دراز علاقوں کے طلبہ کو بھی جدید تعلیمی سہولیات تک مساوی رسائی حاصل ہو۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موبائل کمپیوٹر لیب وین کے ذریعے ضلع بھر کے مختلف سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر آگاہی اور عملی تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں طلبہ کو کمپیوٹر کے بنیادی استعمال، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ کے مؤثر استعمال اور جدید تعلیمی ذرائع سے عملی طور پر روشناس کرایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ”ڈیجیٹل تورغر” وژن کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد ہر بچے کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنا، ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں مستقبل کے تقاضوں کے مطابق باصلاحیت اور خوداعتماد شہری بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔







