آریانا سبالینکا کی شاندار فارم برقرار، انڈین ویلز اور میامی اوپن میں تاریخی کامیابیاں

میامی۔31مارچ (اے پی پی):بیلاروس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون آریانا سبالینکانے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین ویلز اور میامی اوپن دونوں ٹائٹلز جیت کر ٹینس کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی۔امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق ان دونوں بڑے ٹورنامنٹس انڈین ویلز اوپن اور میامی اوپن ٹینس کو مشترکہ طور پر سن شائن ڈبل کہا جاتا …

میامی۔31مارچ (اے پی پی):بیلاروس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون آریانا سبالینکانے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین ویلز اور میامی اوپن دونوں ٹائٹلز جیت کر ٹینس کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی۔امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق ان دونوں بڑے ٹورنامنٹس انڈین ویلز اوپن اور میامی اوپن ٹینس کو مشترکہ طور پر سن شائن ڈبل کہا جاتا ہے، اور ایک ہی سال میں دونوں ٹائٹلز جیتنا ٹینس کے مشکل ترین کارناموں میں شمار ہوتا ہے۔2026 میں یہ اعزاز صرف بیلاروس کی ٹینس سٹار آریانا سبالینکا تک محدود نہیں رہا بلکہ اٹلی کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ٹو جینک سنر نے مینز سنگلز جبکہ ویمنز ڈبلز میں ٹیلر ٹاؤن سینڈ اور ان کی جمہوریہ چیک کی جوڑی دار کترینا سینی یاکووا کی جوڑی نے بھی یہی کارنامہ انجام دیا۔

یہ ٹینس کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ایک ہی سال میں ویمنز سنگلز، مینز سنگلز اور ویمنز ڈبلز کے چیمپئنز نے بیک وقت سن شائن ڈبل مکمل کیا۔بیلاروس کی آریانا سبالینکا اس سے قبل 2022 میں پولینڈ کی آئیگا سویٹیک کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں جبکہ اٹلی کے جینک سنر نے 2017 میں سوئس لیجنڈ ٹینس سٹار راجر فیڈرر کے بعد یہ کارنامہ سرانجام دیا۔اسی طرح 2016 کے بعد پہلی بار ویمنز اور مینز سنگلز کے فاتحین نے ایک ہی سال میں دونوں ٹورنامنٹس جیتے، جب وکٹوریہ آزارینکا اور نوویک جوکووچ نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ٹینس ماہرین کے مطابق امریکی ہارڈ کورٹ سیزن کے یہ 4 ہفتے انتہائی یادگار ثابت ہوئے، اور اب کھلاڑیوں کی توجہ مٹی کے کورٹ کلے سیزن کی جانب منتقل ہو رہی ہے جہاں مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔