آزاد، ذمہ دار اور محفوظ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، گورنر سندھ

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے صحافیوں کے خلاف جرائم میں عدم سزا کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور محفوظ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے

کراچی۔ 02 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے صحافیوں کے خلاف جرائم میں عدم سزا کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور محفوظ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ، آزادیِ اظہار اور عوام کے حقِ معلومات کا تحفظ ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور خصوصی کمیشن کا قیام خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس ایکٹ کے تحت قائم کمیشن کو مزید فعال کردار ادا کرنا چاہیے، صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکیوں اور ہراسانی کے واقعات کی فوری اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔گورنر سندھ نے کہاکہ صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا اور سزا دلانا ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو بلاخوف و خطر پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔