سٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکاؤنٹبلٹی کے زیر اہتمام عوامی احتساب فورم کا انعقاد

سٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکاؤنٹبلٹی (سی این بی اے) کے زیر اہتمام ملتان میں عوامی احتساب فورم کا انعقاد کیا گیا جس میں صحت، تعلیم اور بلدیاتی خدمات کی فراہمی سے متعلق شہریوں کے مسائل، تحفظات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا

ملتان۔ 02 نومبر (اے پی پی):سٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکاؤنٹبلٹی (سی این بی اے) کے زیر اہتمام ملتان میں عوامی احتساب فورم کا انعقاد کیا گیا جس میں صحت، تعلیم اور بلدیاتی خدمات کی فراہمی سے متعلق شہریوں کے مسائل، تحفظات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ فورم کا مقصد عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور شہریوں کی آراء کو حکومتی فیصلہ سازی اور احتساب کے عمل کا حصہ بنانا تھا۔سٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکاؤنٹبلٹی سول سو سائٹی تنظیموں کا ملک گیر نیٹ ورک ہے جسے سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشی ایٹوز (سی پی ڈی آئی) چلاتا ہے۔ سی پی ڈی آئی اس نیٹ ورک کے تحت تحقیق، تکنیکی معاونت اور رہنمائی فراہم کرتا ہے جبکہ شراکت دار سول سوسائٹی تنظیمیں مقامی کمیونٹیز اور متعلقہ فریقین کو متحرک کرنے میں کردار ادا کرتی ہیں۔فورم میں مقامی شہریوں، اساتذہ، طبی ماہرین، بلدیاتی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت مختلف شعبوں سےتعلق رکھنے والےافرادنے شرکت کی۔

اس موقع پربشریٰ پروین اوردیگر شرکاء نے اپنےتجربات بیان کیے اورعوامی خدمات کی فراہمی میں درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔اجلاس میں صحت کی سہولیات کی دستیابی اور معیار، سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری، بنیادی سہولیات، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور کچرا ٹھکانے لگانے کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے کمیونٹی اسکور کارڈ کے ذریعے مختلف عوامی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے ایک سے پانچ کے پیمانے پر اپنی اجتماعی رائے بھی ریکارڈ کی۔ منتظمین کے مطابق اس مشق کا مقصد شہر یوں کے تجربات کی روشنی میں مسائل اجاگر کرنا اور متعلقہ سرکاری محکموں کی توجہ ضروری اقدامات کی جانب مبذول کرانا ہے تاکہ عوامی خدمات کے معیار اور اداروں کی جوابدہی کو بہتربنایا جا سکے۔