آزادی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور لازوال عزم کا ثمر ہے، افتخار علی ملک

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور لازوال عزم کا ثمر ہے

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور لازوال عزم کا ثمر ہے، یوم آزادی ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور خودمختاری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

79 ویں جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 79 برسوں کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے تاہم موجودہ دور میں ہمیں معاشی استحکام، برآمدات میں اضافے، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، مضبوط معیشت ہی ایک خودمختار اور مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی مضبوطی اور اقتصادی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، حکومت اور نجی شعبے کے درمیان موثر شراکت داری کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر مزید مضبوط اور عالمی منڈی میں مسابقتی ملک بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط، محنت اور قومی یکجہتی کو فروغ دے، کیونکہ یہی وہ اصول ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے خواب کے مطابق ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر اور کاروباری مواقع فراہم کرکے انہیں ملکی ترقی کا موثر حصہ بنانا ہوگا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی وطن کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔افتخار علی ملک نے 79 ویں جشن آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء اور قومی ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا چاہیے، اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔