آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط رشتے اور وابستگی پر قائم ہیں،ثاقب مجیدراجہ

آزادجموں وکشمیر کے وزیر توانائی وآبی وسائل ثاقب مجید راجہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کو آزاد کشمیر آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں

مظفر آباد۔ 23 ستمبر (اے پی پی):آزادجموں وکشمیر کے وزیر توانائی وآبی وسائل ثاقب مجید راجہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کو آزاد کشمیر آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، آزاد کشمیر کے عوام نے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف ،وزیراعظم محمدشہبازشریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ان خیالت کا اظہار کوہالہ پل تا مظفرآباد نکالی گئی جیوے پاکستان ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابات کے دوران آزاد کشمیر کے 33 حلقوں میں گھر گھر جاکر عوام تک خدمت، تعمیر و ترقی اور ملک و ملت سے محبت کا پیغام پہنچایا،مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنوں کی جدوجہد کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے عوام نے پارٹی امیدواروں کو کامیابی دلوا کر انتخابی نشان شیر پر اعتماد کا اظہار کیا اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے منشور کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی محنت اور کاوشوں کے ساتھ ساتھ پارٹی قیادت پر عوامی اعتماد نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاج کی کال کے باوجود آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ ریاست کو انتشار اور افراتفری کا مرکز نہیں بننے دیا جائے گا، آزاد کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط رشتے اور وابستگی پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کرنے والے کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیری عوام کی آواز کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا اور مقبوضہ وادی کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا محور و مرکز پاکستان ہے اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نظریے پر قائم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیری عوام کی جدوجہد اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔انہوں نےوفاقی وزیر انجنیئرامیر مقام کی قیادت میں منعقدہ ریلی میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور کشمیر کاز سے وابستگی کا اظہار ہے۔

 

مزید خبریں