آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ایلیسا ہیلی کا بھارت کے خلاف سیریز کے بعد کرکٹ سےریٹائرمنٹ کا اعلان

میلبورن۔13جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان اور تاریخ کی کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والی الیسا ہیلی نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف آئندہ ہوم سیریز کے بعد ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گی۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے)کے مطابق 35 سالہ وکٹ کیپر بلے باز ایلیسا ہیلی نے 2010 میں کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 295 انٹرنیشنل میچز …

میلبورن۔13جنوری (اے پی پی):آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان اور تاریخ کی کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والی الیسا ہیلی نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف آئندہ ہوم سیریز کے بعد ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گی۔

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے)کے مطابق 35 سالہ وکٹ کیپر بلے باز ایلیسا ہیلی نے 2010 میں کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 295 انٹرنیشنل میچز میں 7 ہزار سے زائد رنزبنائے اور وکٹوں کے پیچھے 275 آؤٹ کیے۔خاتون کرکٹر نے 2023 میں فل ٹائم کپتان کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، وہ 8 آئی سی سی ورلڈ کپ ٹائٹلز کا حصہ رہیں۔ایلیسا ہیلی آسٹریلیا کے فاسٹ بولر میچل سٹارک کی اہلیہ ہیں۔

ایلیسا ہیلی کا کہنا ہے کہ میں ملے جلے احساسات کے ساتھ بھارت کے ساتھ سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہی ہوں، میں ابھی آسٹریلیا کے لیے کھیلنے کا جذبہ رکھتی ہوں لیکن مقابلے کا پہلو شاید کھو دیا ہے اس لیے یہ ریٹائرمنٹ کا اچھا وقت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ میں ٹی ٹونٹی ٹیم کا تو حصہ نہیں ہوں گی لیکن ہوم گراؤنڈز پر بھارت کے خلاف آخری مرتبہ ون ڈے اور ٹیسٹ کھیلوں گی۔

وہ اپنے کیریئر کا آخری میچ 6 سے 9 مارچ تک پرتھ کے واکا گراؤنڈ میں ہونے والا ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلیں گی، جو ان کا 11واں ٹیسٹ ہوگا۔ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے ایلیسا ہیلی نے کہا کہ گزشتہ چند برس ذہنی طور پر نہایت تھکا دینے والے رہے ہیں، انجریز نے بھی ان پر گہرا اثر ڈالا۔ ان کے بقول، مقابلے کی وہ شدت جو ہمیشہ ان کی پہچان رہی، وقت کے ساتھ کچھ کم ہوئی، جس کے بعد یہ فیصلہ ناگزیر محسوس ہونے لگا۔

ہیلی کا کہنا تھا کہ 2026 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک کھیلنا ٹیم کے لیے درست فیصلہ نہیں ہوتا، اسی لیے انہوں نے بروقت ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو درست سمجھا۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے ایلیسا ہیلی کو کھیل کی ’’ہمہ وقت عظیم‘‘ کھلاڑیوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی 15 سالہ خدمات نے نہ صرف آسٹریلوی بلکہ عالمی خواتین کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

مزید خبریں