آسٹریلیا کے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، تاہم وہ بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ای ایس پی این کے مطابق گلین میکسویل کا معاہدہ 2027-28 کے سیزن تک بڑھا دیا گیا ہے۔38 سالہ گلین میکسویل نے گزشتہ سال جون میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ …

میلبورن۔3نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، تاہم وہ بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ای ایس پی این کے مطابق گلین میکسویل کا معاہدہ 2027-28 کے سیزن تک بڑھا دیا گیا ہے۔38 سالہ گلین میکسویل نے گزشتہ سال جون میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا، تاہم وہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے دستیاب رہے۔

2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم کی گروپ مرحلے سے آگے رسائی میں ناکامی کے بعد عمان کے خلاف فروری میں کھیلا گیا میچ ان کے انٹرنیشنل کیریئر کا آخری مقابلہ ثابت ہوا۔ اس میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم بیٹنگ کا موقع نہیں ملا۔گلین میکسویل نے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسٹریلوی ٹیم کے مستقبل کے منصوبوں اور نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اپنے ہوم گراؤنڈ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں آخری انٹرنیشنل میچ کھیل کر الوداع کہہ سکتے، تاہم ٹیم کی مستقبل کی حکمت عملی کو وہ سمجھتے ہیں۔

گلین میکسویل آسٹریلیا کی جانب سے 2 مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے جبکہ 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی انہوں نے فاتحانہ رنز بنا کر ٹیم کو عالمی چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 130 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور 2897 رنز بنانے کے ساتھ 51 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان کا سٹرائیک ریٹ 154.42 رہا جبکہ اس فارمیٹ میں 5 سنچریاں سکور کیں، جو روہت شرما کے ساتھ مشترکہ عالمی ریکارڈ ہے۔

میکسویل نے 7 ٹیسٹ میچز میں بھی آسٹریلیا کی نمائندگی کی، جن میں 339 رنز بنائے۔ ان کا بہترین سکور 104 رنز تھا، جو انہوں نے بھارت کے خلاف رانچی ٹیسٹ میں بنایا تھا۔انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کے باوجود میکسویل فرنچائز کرکٹ میں سرگرم رہیں گے اور آئندہ بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔